اسلام آباد (ویب ڈیسک) – راولپنڈی میں ایک شخص نے ملازمت سے نکلوائے جانے کے شبے میں مشتعل ہو کر اپنے ساتھی کے 14 سالہ بیٹے کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق، واقعہ تھانہ گوجرخان کی حدود میں محلہ بابو گلاب میں پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں 14 سالہ عدیل عادل جاں بحق ہو گیا۔ عادل محمود، جو گزشتہ 26 سال سے رائل گڈز اڈے پر ملازمت کر رہا ہے، نے بتایا کہ مامون نامی شخص تین ماہ قبل وہاں کام پر لگا تھا لیکن جھگڑوں اور نامناسب رویے کے باعث ایک ہفتہ پہلے اسے نکال دیا گیا تھا۔ 28 مارچ کو، مامون نے ہوٹل پر آ کر دھمکیاں دیں کہ وہ انہیں اور ان کے بچوں کو نقصان پہنچائے گا۔
گزشتہ شب، جب عدیل عادل گھر میں موجود تھا، دروازے پر دستک ہوئی۔ عدیل باہر گیا تو مامون اس سے الجھ رہا تھا۔ عادل محمود کے روکنے کی کوشش پر مامون نے اچانک پسٹل نکال کر فائرنگ کر دی، جس سے عدیل پیٹ میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ اسے فوری اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ فائرنگ کے بعد ملزم اسلحے کی نوک پر دھمکیاں دیتا ہوا فرار ہو گیا۔
پولیس حکام نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ جلد اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔