آکلینڈ / مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ نے سابق کرکٹرز کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر ردعمل دیا۔ عید کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک خصوصی ویڈیو میں انہوں نے اس معاملے پر گفتگو کی، جہاں ان کے ہمراہ فخر زمان اور قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان بھی موجود تھے۔
نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ تعمیری تنقید اور ذاتی حملوں میں واضح فرق ہوتا ہے۔ اگر شائقین کوئی تبصرہ کریں تو یہ سمجھ میں آتا ہے کیونکہ انہوں نے عملی طور پر کرکٹ نہیں کھیلی، لیکن جب وہ سابق کھلاڑی، جو خود ایک دہائی سے زائد کرکٹ کھیل چکے ہیں، غیر ضروری اور ذاتی نوعیت کی تنقید کرتے ہیں، تو یہ مایوس کن ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تجربہ کار کرکٹرز مثبت انداز میں رہنمائی کریں تو اس سے کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق کرکٹرز کو چاہیے کہ وہ کھلاڑیوں کی کارکردگی پر بات کریں اور اگر کسی کی بولنگ یا بیٹنگ میں خامی نظر آئے تو اسے اصلاحی مشورے دیں۔ تاہم، ذاتی معاملات جیسے کسی کھلاڑی کے انداز، اشتہارات یا ظاہری شکل پر تنقید کرنا غیر مناسب ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کھلاڑیوں کو سابق کرکٹرز کی ان باتوں کو بھی اسی طرح نظر انداز کر دینا چاہیے جیسے شائقین کے غیر ضروری تبصروں کو کرتے ہیں؟
نسیم شاہ نے کہا کہ اگر سابق کھلاڑی ایسی باتیں کریں جن کا کرکٹ سے کوئی تعلق نہ ہو تو یہ مناسب رویہ نہیں۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستانی بولرز کی مایوس کن کارکردگی کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس میں نہ صرف شائقین بلکہ سابق کرکٹرز بھی قومی ٹیم کے بولرز کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔