لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک: 1999 کے ورلڈ کپ میچ میں رن آؤٹ ہونے کے واقعے پر وسیم اکرم کے مزاحیہ بیان کے بعد اب انضمام الحق کا بھی رد عمل سامنے آ گیا ہے ۔۔سابق کپتان نے وسیم اکرم کو میڈیا پر بیان بازی میں احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔۔ ایک ٹی وی چینل پر خاتون اینکر نے انضمام الحق سے کہا کہ وسیم اکرم نے بتایا کہ جب پیر پر گیند لگنے سے زمین پر گر گئے تھے اور وہ رن لینے کے لیے سٹرائیکر اینڈ پر پہنچ گئے تھے تو آپ نے ان سے معصومیت سے پوچھا ' وسیم بھائی آپ یہاں کیا کر رہے ہیں ؟ '
جس پر انضمام الحق نے کہا ' پہلے تو یہ دیکھیں کہ ایک آدمی پاؤں پر گیند کھا کر گر پڑا ہے وہ بھاگے گا کیسے۔ پھر زمین پر پڑے آدمی کو دیکھ کر بھی آپ کس لیے بھاگے چلے آ رہے ہیں ۔ اب وسیم بھائی کی عادت ہے کہ ایسا کچھ میں نے کہا تھا یا نہیں وہ میڈیا پر یہ سب کچھ بڑھا چڑھا کر بتا بھی رہے ہیں ۔ انھیں دوسروں کی عزت کا خیال رکھنا چاہیے جس دن میں نے کچھ کہنا شروع کیا اس دن انھیں شاید بہت برا لگے گا۔ انھیں چاہیے کہ میڈیا پر بات کرتے ہوئے دوسروں کی عزت نفس کا خیال رکھا کریں' ۔ '
اس پر خاتون اینکر نے وضاحت کی کہ یہ صرف ایک مزاق کی بات تھی ۔ تاہم انضمام الحق نے اس بات کو مذاق کی بات ماننے سے انکار کرتے ہوئے ایک بار پھر وسیم اکرم کو وارننگ دی کہ وہ آئندہ اس طرح کے واقعات بیان کرنے سے گریز کریں ۔