کراچی میں اپنے گھر میں فائرنگ سے نوبیاہتا دولہا جاں بحق

 کراچی/ مانیٹرنگ ڈیسک: بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں گھر کے اندر فائرنگ کے واقعے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، جو صرف 10 روز قبل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوا تھا۔



تفصیلات کے مطابق، واقعہ اتحاد ٹاؤن کے روٹ ایکس 10 منی بس اسٹاپ کے قریب پیش آیا، جہاں رحمانیہ مسجد کے پاس ایک گھر میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ ایدھی کے رضاکاروں نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کیا۔

ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن چوہدری جاوید کے مطابق، مقتول کی شناخت 25 سالہ نعمت اللہ کے طور پر ہوئی، جو سوات کا رہائشی تھا اور حال ہی میں پسند کی شادی کی تھی۔ ابتدائی تفتیش میں یہ انکشاف ہوا کہ فائرنگ میں مبینہ طور پر مقتول کی اہلیہ کے قریبی رشتہ دار ملوث ہیں، جو مقتول کی بیوی کو بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

پولیس کے مطابق، مقتول کے اہل خانہ نے تدفین کے بعد مقدمہ درج کرانے کا عندیہ دیا ہے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، جبکہ ملزمان کی شناخت کے لیے علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔