واشنگٹن/ مانیٹرنگ ڈیسک ترکمانستان میں تعینات پاکستان کے سفیر، احسن وگن، کو امریکی شہر لاس اینجلس سے ڈی پورٹ کر دیا گیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، احسن وگن امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن انہیں لاس اینجلس ایئرپورٹ پر روک کر وطن واپس بھیج دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے پاس امریکی ویزا اور تمام قانونی سفری دستاویزات موجود تھیں، اور وہ چھٹیوں کے لیے لاس اینجلس جا رہے تھے، تاہم امیگریشن حکام نے انہیں ایئرپورٹ پر ہی روک لیا۔
ذرائع کے مطابق، امریکی امیگریشن سسٹم میں پاکستانی سفیر پر متنازع ویزا ریفرنسز سے متعلق اعتراض درج تھا۔ اس واقعے کی اطلاع وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کو دے دی گئی ہے، جبکہ وزارت خارجہ نے لاس اینجلس میں پاکستانی قونصلیٹ کو معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔
جیونیوز نے اس معاملے پر پاکستانی سفیر احسن وگن سے رابطے کی کوشش کی، تاہم ان سے جواب موصول نہیں ہوا، جبکہ دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھی اس پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔