بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن آئی پی ایل 2025 میں شمولیت کے لیے سرگرم

ممبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: بنگلہ دیش کے تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے اپنے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ کلیئر کرنے کے بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں واپسی کے لیے فرنچائزز سے رابطے تیز کر دیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، وہ آئی پی ایل 2025 میں کھیلنے کے لیے پرعزم ہیں اور اس حوالے سے کچھ ٹیموں سے بات چیت کر رہے ہیں۔



گزشتہ چند مہینے شکیب کے لیے کافی مشکل رہے، کیونکہ انہیں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران قتل کے ایک مقدمے میں ملوث ہونے کا الزام لگا تھا، جس کے بعد وہ وطن واپسی سے قاصر رہے۔ مزید برآں، ان کے باؤلنگ ایکشن پر عائد پابندی کے باعث انہیں چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ سے بھی باہر کردیا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق، وہ رائل چیلنجرز بنگلور، راجستھان رائلز اور سن رائزرز حیدرآباد جیسی ٹیموں کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں، کیونکہ ان ٹیموں کو اسپن باؤلنگ میں مضبوطی درکار ہے۔ تاہم، لیگ کے آغاز کے بعد ان کے شامل ہونے کے امکانات کم ہیں، اور وہ صرف اسی صورت میں آئی پی ایل میں کھیل سکتے ہیں اگر کوئی کھلاڑی زخمی ہو جائے یا ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو جائے۔

یہ بھی یاد رہے کہ شکیب الحسن نے آئی پی ایل میں اب تک 71 میچ کھیل کر 793 رنز اسکور کیے ہیں، جبکہ باؤلنگ میں 63 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔