آکلینڈ/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستانی بلےباز حسن نواز نے بابر اعظم کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔
22 سالہ حسن نواز نے آکلینڈ میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں صرف 44 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ ان کی شاندار اننگز میں 10 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ حسن نواز نے مجموعی طور پر 105 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور عمدہ کارکردگی کے باعث پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ حسن نواز نے یہ کارنامہ اپنے محض تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں انجام دیا۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بابر اعظم نے 2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 49 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔
تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ پانچ میچز کی سیریز میں نیوزی لینڈ نے دو اور پاکستان نے ایک میچ جیتا ہے۔