باکو / مانیٹرنگ ڈیسک ڈیسک: آذربائیجان اور آرمینیا نے کئی دہائیوں سے جاری سرحدی تنازع کو ختم کرنے کے معاہدے پر آمادگی ظاہر کردی ہے، تاہم اس معاہدے پر دستخط کی حتمی تاریخ تاحال طے نہیں کی گئی۔
آرمینیا کی وزارت خارجہ کے مطابق آذربائیجان کے ساتھ امن معاہدے کا مسودہ مکمل کرلیا گیا ہے اور معاہدے پر دستخط کے لیے آمادہ ہیں۔ تاہم، خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ آذربائیجان نے معاہدے پر دستخط سے قبل آرمینیا کے آئین میں متنازع علاقے سے متعلق ترمیم کی شرط رکھی ہے۔
یہ تنازع 1980 کی دہائی سے نگورنو کاراباخ کے علاقے پر کنٹرول کے لیے چلا آرہا ہے۔ سوویت یونین سے آزادی حاصل کرنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان چھ سال تک جاری رہنے والی جنگ 1994 میں ختم ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں آرمینیا نے نگورنو کاراباخ کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا تھا۔ تاہم، 2020 میں آذربائیجان نے اس علاقے کے کچھ حصے واپس حاصل کرلیے۔
بعدازاں، اکتوبر 2023 میں آذربائیجان نے دوبارہ فوجی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں نگورنو کاراباخ کے علیحدگی پسندوں کو غیر مسلح ہونا پڑا اور انہوں نے حکومت تحلیل کرتے ہوئے آذربائیجان کے ساتھ الحاق کا اعلان کر دیا۔