نوشکی دالبندین شاہراہ پر ایف سی قافلے پر خودکش حملہ، 7 افراد جاں بحق

 کوئٹہ / مانیٹرنگ ڈیسک: بلوچستان کے نوشکی دالبندین شاہراہ پر کالعدم بی ایل اے کے خودکش حملے میں ایف سی کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 ایف سی اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔



سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے آج صبح ایف سی کانوائے پر بارودی دھماکا کیا اور خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس حملے میں 3 ایف سی اہلکار اور 2 شہری جان کی بازی ہار گئے۔ فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے تمام راستے بند کر دیے ہیں اور اعلان کیا ہے کہ کلیئرنس آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

دوسری جانب پولیس کے مطابق نوشکی دالبندین شاہراہ پر بس کے قریب ہونے والے دھماکے میں 5 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے، جب کہ 35 زخمیوں کو طبی امداد کے لیے نوشکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال میں دوران علاج مزید 2 زخمی دم توڑ گئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 7 ہو گئی۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشناک ہے، جس کے پیش نظر میر گل خان نصیر ٹیچنگ اسپتال نوشکی میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔