خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں تھانوی اور چیک پوسٹوں پر شدت پسندوں کے حملے

پشاور/ مانیٹرنگ ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں نے پولیس تھانوں اور چیک پوسٹوں پر حملے کیے، جن میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 4 حملہ آور مارے گئے۔



گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، جنوبی وزیرستان، مہمند اور خیبر میں پولیس مراکز، سیاسی و مذہبی شخصیات کو نشانہ بناتے ہوئے ایک درجن سے زائد حملے کیے گئے۔ پولیس کے مطابق ان واقعات میں 4 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

کرک میں ایک حملے کے دوران ایک پولیس اہلکار اور ایک سیکیورٹی گارڈ شہید ہوگئے، جبکہ ایف سی کا ایک جوان زخمی ہوا۔ پشاور میں بم دھماکے کے نتیجے میں مفتی منیر شاکر جاں بحق ہوگئے، جبکہ مہمند میں رکن قومی اسمبلی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ان حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اپنی جانوں کی قربانی دے کر صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔