کوسٹر گہری کھائی میں جا گری، جانی نقصان کی اطلاعات

 مظفرآباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: آزاد کشمیر کے ضلع حویلی میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں مسافر کوسٹر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔



پولیس کے مطابق، فارورڈ کہوٹہ سے راولپنڈی جانے والی کوسٹر کو محمود گلی کے مقام پر برف اور دھند کے باعث حادثہ پیش آیا۔ پھسلن کے سبب ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کی وجہ سے کوسٹر سیکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا گری۔

مقامی افراد اور امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو قریبی آرمی اسپتال اور ایم ڈی ایس منتقل کر دیا۔ حادثے کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برفباری کے باعث سڑک پر شدید پھسلن تھی، جس کے سبب ڈرائیور گاڑی قابو میں نہ رکھ سکا۔

دوسری جانب، وادی لیپہ کرناہ میں محکمہ شاہرات کی ٹیموں نے برف میں پھنس جانے والی دو گاڑیوں کے مسافروں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ اس ریسکیو آپریشن میں علاقے میں تعینات مسلح افواج کے دستوں نے بھی بھرپور معاونت فراہم کی۔