ورن چکرورتی نے ماضی میں موصول ہونے والی دھمکیوں پر لب کشائی کر دی

  نئی دہلی / مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی اسپنر ورن چکرورتی، جنہوں نے چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی جیت میں نمایاں کردار ادا کیا، نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ماضی میں شدید دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔



بھارتی میڈیا کے مطابق، چکرورتی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں کارکردگی کے بعد انہیں دھمکی آمیز کالز موصول ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کے بعد مختلف افراد نے ان کا تعاقب کیا اور یہاں تک کہ ان کے گھر تک پہنچ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ائرپورٹ پر بھی کچھ لوگ ان کا پیچھا کرتے رہے، جس کی وجہ سے انہیں کئی بار چھپنا پڑا۔

ورن چکرورتی نے اس مشکل وقت کو اپنی زندگی کا سب سے کٹھن مرحلہ قرار دیا اور کہا کہ وہ شدید ڈپریشن میں مبتلا ہوگئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں محسوس ہوا کہ جس جوش و خروش سے انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا، وہ اس پر پورا نہیں اتر سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ان کی سلیکشن غیر متوقع تھی۔ وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد چنئی جانے کا ارادہ رکھتے تھے، مگر اچانک اطلاع ملی کہ انہیں ون ڈے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ چکرورتی کے مطابق، چیمپئنز ٹرافی میں کھیلنا ان کے اعتماد میں اضافے کا سبب بنا۔

یہ بھی یاد رہے کہ ورن چکرورتی نے چیمپئنز ٹرافی میں 9 وکٹیں حاصل کیں اور بھارت کے کامیاب ترین باؤلر ثابت ہوئے۔ بھارت نے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔