بھوپال/ مانیٹرنگ ڈیسک بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ضلع دیواس میں پولیس نے کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر مبینہ طور پر پرتشدد جشن منانے والے نوجوانوں کے سر منڈھوا کر انہیں گلیوں میں گھمایا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، پولیس نے ان افراد پر جشن کے دوران کشیدگی پھیلانے اور پولیس پر حملے کے الزامات عائد کیے، جس کے تحت نیشنل سیکیورٹی ایکٹ (این ایس اے) کی دفعات لاگو کی گئیں۔ یہ قانون کسی بھی شخص کو 12 ماہ تک قید کی اجازت دیتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، پولیس نے ان نوجوانوں کو حراست میں لینے کے بعد ان کے سر مونڈھ دیے اور انہیں سڑکوں پر گھمایا، جسے دیر رات تک جشن منانے کی سزا قرار دیا گیا۔
دوسری جانب، حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی گیاتری راجے پوار نے اس معاملے پر دیواس کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) پونیت گیہلوٹ سے ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نوجوان عادی مجرم نہیں بلکہ بھارت کی جیت کا جشن منا رہے تھے، اور انہیں اس طرح عوام کے سامنے گھمانا مکمل طور پر غیر منصفانہ عمل ہے۔