بلوچستان واقعے پر ایران کا بڑا بیان سامنے آ گیا

 تہران/ مانیٹرنگ ڈیسک: ایران نے بھی بلوچستان میں ٹرین پر حملے اور مسافروں کو یرغمال بنانے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے، جس سے قبل امریکا اور چین بھی اس حملے پر اظہارِ افسوس کر چکے ہیں۔



عالمی میڈیا کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے معصوم جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور پاکستان کی حکومت و عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران دہشت گردی کے خاتمے اور متاثرہ افراد کی حفاظت میں تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان میں ٹرین پر دہشت گردانہ حملہ قابل مذمت ہے، اور ایران ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف اپنے موقف پر قائم ہے۔ انہوں نے اس حملے کے خلاف پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران دہشت گردی کے خلاف ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔