کراچی:شہر میں کورولا گینگ کی سرگرمیاں بڑھنے لگیں، گلشن حدید میں پیپلز بس کو یرغمال بنا کر 11 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق، پیپلز بس کے ڈرائیور شیر جان نے بتایا کہ وہ اسٹیل ٹاؤن الخدمت اسپتال کے قریب کھڑے تھے کہ ایک کار آ کر کیشئیر کی گاڑی کے ساتھ رکی۔ اس میں سے چار مسلح ڈاکو نکلے اور انہیں یرغمال بنا لیا۔
ڈرائیور کے مطابق، ڈاکوؤں نے اسے، کنڈیکٹر، منشی اور کیشئیر کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کی تلاشی لی۔ ملزمان نے اسلحے کے زور پر تقریباً 11 لاکھ روپے، سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔ اس دوران انہوں نے مسافروں سے بھی نقدی اور قیمتی اشیاء لوٹ لیں۔
شیر جان نے بتایا کہ یہ واردات افطار کے فوراً بعد پیش آئی۔
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تعداد چار سے زیادہ تھی، اور جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر لیے گئے ہیں۔ ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پیپلز بس میں ہونے والی ڈکیتی کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔