چیمپئنز ٹرافی کی کامیاب میزبانی پر جے شاہ نے شکریہ ادا کر دیا

 

دوبئی/ مانیٹرنگ ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین جے شاہ نے چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد پر میزبان ممالک اور تمام ٹیموں کا شکریہ ادا کیا، تاہم انہوں نے پاکستان کا نام لینے سے گریز کیا۔



اپنی ٹوئٹ میں جے شاہ نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی آئی سی سی کے لیے ایک بڑی کامیابی ثابت ہوئی، اور اس کامیابی میں تمام ٹیموں اور میزبان ممالک نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے شائقین کرکٹ کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس ٹورنامنٹ کو یادگار بنانے میں بھرپور حصہ لیا۔ تاہم، ان کے بیان میں پاکستان کا براہ راست ذکر نہیں کیا گیا۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف آلڈرائس نے بھی چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے شکرگزار ہیں، جس نے ایونٹ کی میزبانی کی، جبکہ ایمریٹس کرکٹ بورڈ کا بھی پانچ میچز کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 1996 کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ پاکستان میں ایک ملٹی ٹیم ٹورنامنٹ منعقد ہوا، اور اس ایونٹ کی میزبانی پاکستان کے لیے نہایت اہمیت رکھتی تھی۔ اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش اور شاندار انتظامات پر فخر محسوس کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل دبئی میں کھیلا گیا، جس میں بھارت نے فتح حاصل کی۔ اگرچہ پاکستان اس ٹورنامنٹ کا میزبان تھا، مگر بھارتی حکومت کی ضد کے باعث بھارتی ٹیم نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا اور اپنے میچ دبئی میں کھیلے۔