جعفر ایکسپریس آپریشن مکمل، مسافر بازیاب ، تفصیلات سامنے آگئیں

کوئٹہ / مانیٹرنگ  ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے تصدیق کی ہے کہ جعفر ایکسپریس کے تمام یرغمالی مسافر بحفاظت بازیاب کروا لیے گئے ہیں اور آپریشن کے دوران 33 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔



نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 11 مارچ کو بولان میں دہشتگردوں نے ریلوے ٹریک کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کو روک لیا گیا۔ ریلوے حکام کے مطابق، ٹرین میں 440 مسافر سوار تھے۔ علاقے کی دشوار گزار نوعیت کے باوجود، فورسز نے فوری طور پر آپریشن شروع کیا، جس میں آرمی، ایئرفورس، فرنٹیئر کور اور ایس ایس جی کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ مرحلہ وار کارروائی کے دوران یرغمالیوں کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا، جبکہ شام کو کلیئرنس آپریشن مکمل ہونے پر تمام 33 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کے مطابق، فورسز کے نشانہ بازوں نے سب سے پہلے خودکش بمباروں کو ہلاک کیا، جس کے بعد بوگی در بوگی کلیئرنس کی گئی۔ آپریشن کے دوران تمام یرغمالی محفوظ رہے، تاہم دہشتگردوں کی کارروائی کے باعث 21 مسافر شہید ہوئے جبکہ ایف سی کے 4 جوان بھی شہید ہوئے۔ ان میں سے تین اہلکاروں کو کلیئرنس آپریشن سے پہلے ایک قریبی چیک پوسٹ پر نشانہ بنایا گیا تھا، جبکہ ایک اہلکار دورانِ آپریشن شہید ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرین اور علاقے کی مکمل کلیئرنس کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کام کر رہا ہے، اور جو مسافر خوف کے باعث اردگرد کے علاقوں میں چلے گئے تھے، انہیں بھی واپس لایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ شہریوں کو سڑکوں یا ٹرینوں میں نشانہ بنائے، اور جعفر ایکسپریس کے واقعے کے بعد اب دہشتگردوں کے خلاف حکمت عملی مزید سخت کی جائے گی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پھیلائی گئی غلط معلومات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، جس میں پرانی اور جعلی ویڈیوز استعمال کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کے گٹھ جوڑ کو واضح کرتے ہیں، جبکہ کچھ مخصوص سیاسی حلقے بھی اس قسم کی صورتحال میں سوشل میڈیا پر انتشار پھیلانے میں سرگرم ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجائے اس کے کہ یہ عناصر ریاست اور عوام کے ساتھ کھڑے ہوں، وہ دہشتگردی کے لیے جواز پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ لیکن عوام اب اس انتشار پسند سیاست کے اصل مقاصد سے بخوبی واقف ہو چکے ہیں۔ یاد رہے کہ دہشتگردوں نے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، تاہم فورسز نے کامیاب آپریشن کے ذریعے 190 مسافروں کو پہلے ہی بازیاب کروا لیا تھا۔