فیصل آباد: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں پشاور ریجن کے بیٹر صاحبزادہ فرحان نے ایک نیا قومی ریکارڈ قائم کر دیا۔
صاحبزادہ فرحان نے ایونٹ کی چھ اننگز میں 588 رنز اسکور کیے، جو کسی بھی قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا ریکارڈ ہے۔ یہ ریکارڈ پہلے بھی ان کے نام تھا، جب گزشتہ سیزن میں انہوں نے 12 اننگز میں 492 رنز بنائے تھے۔
فیصل آباد میں ایبٹ آباد ریجن کے خلاف کھیلے گئے میچ میں، انہوں نے 72 گیندوں پر 148 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، جس میں 12 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے 58 گیندوں پر 6 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔
اس شاندار کارکردگی کے ساتھ، فرحان نے فخر زمان کا قومی ریکارڈ بھی برابر کر دیا، جو انہوں نے پاکستان سپر لیگ 2022 میں 13 اننگز میں 588 رنز بنا کر قائم کیا تھا۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے یہ میچز جیو سپر پر براہ راست نشر کیے جا رہے ہیں۔