بلوچستان میں ایک بار پھر خونریزی ، فائرنگ سے چھ افراد جاں بحق

 ,کوئٹہ / مانیٹرنگ ڈیسک: بلوچستان کے علاقے گوادر میں ایک اور خونریز واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے چھ افراد جان کی بازی ہار گئے۔



پولیس کے مطابق، یہ واقعہ گوادر کے علاقے کلمت میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا۔ تاہم، زخمی ہونے والا فرد بھی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا، یوں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد گوادر سے کراچی جا رہے تھے، جن میں سے ایک شخص کا تعلق ملتان سے تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ چند روز قبل بلوچستان کے علاقے منگچر میں بھی فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا تھا، جس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے چار مزدور مارے گئے تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر منگچر، علی گل کے مطابق، مسلح حملہ آوروں نے ملنگ زئی میں ایک ٹیوب ویل کی تنصیب میں مصروف مزدوروں پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ حکام کے مطابق، ان مزدوروں کا تعلق صادق آباد سے تھا۔