لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے ون ڈے سیریز میں بقا کا چیلنج پیدا ہو چکا ہے، اور نیوزی لینڈ کے خلاف واپسی کے لیے بدھ کو دوسرا میچ جیتنا ناگزیر ہوگا۔ تین میچوں پر مشتمل اس ایک روزہ سیریز کے دوسرے مقابلے کے لیے قومی اسکواڈ ہیملٹن پہنچ چکا ہے۔
پاکستانی ٹیم نے اتوار کو نیپئر سے ہیملٹن کا سفر کیا، جہاں پیر کی ؟۔۔۔۔۔۔؟۔۔۔۔۔۔۔ 10 بجے کھلاڑی پریکٹس سیشن میں شریک ہوں گے۔ سیریز کا دوسرا میچ 2 اپریل کو ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔
نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 73 رنز سے شکست دی تھی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 344 رنز کا بڑا مجموعہ بنایا۔ ابتدائی 50 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد مارک چیپمین اور ڈیرل مچل نے 199 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی۔
چیپمین نے 132 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 13 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے، جبکہ مچل نے 76 رنز بنائے۔ دوسری جانب، ڈیبیو کرنے والے محمد عباس نے بھی 26 گیندوں پر 52 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر اپنی موجودگی کا بھرپور احساس دلایا۔