عید الفطر کے روز دو مختلف حادثات میں میاں، بیوی اور بیٹی سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔
اوکاڑہ: تیز رفتار لینڈ کروزر کی ٹکر سے میاں، بیوی اور بیٹی جاں بحق
ایکسپریس نیوز کے مطابق اوکاڑہ کے نواحی گاؤں 33 فور ایل کے قریب ایک لینڈ کروزر نے سامنے سے آتی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ مقامی ذرائع کے مطابق حادثے کی وجہ تیز رفتاری اور لاپرواہی بنی۔
ریسکیو 1122 حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جن کی شناخت باسط، روبینہ اور ان کی بیٹی فاطمہ کے نام سے ہوئی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ٹھٹھہ: دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم، تین افراد جان سے گئے
ٹھٹھہ کے علاقے میرپور ساکرو کے قریب لدیا اسٹاپ پر دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے درمیان خوفناک تصادم پیش آیا، جس میں تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 24 سالہ ناظم شیدی، 27 سالہ گلو کمبہار اور 25 سالہ احمد شیدی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 35 سالہ ندیم کمبہار شدید زخمی ہو گئے۔
جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی کو شیخ زید اسپتال میرپور ساکرو منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں، جبکہ زخمی کو کراچی ریفر کر دیا گیا۔