لاہور (نیوز ڈیسک) – روڈا کی کاوشوں سے لاہور کی محمود بوٹی ڈمپ سائٹ ایک قیمتی اثاثے میں تبدیل ہو گئی، جہاں سے اربوں روپے کی آمدن متوقع ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کے "ستھرا پنجاب" وژن کے تحت روڈا نے اس ڈمپ سائٹ پر کام کیا، جس کے نتیجے میں ماحولیاتی منصوبے کے ذریعے کاربن کریڈٹ، بائیو گیس، اور بجلی کی پیداوار ممکن ہوئی۔ اس منصوبے سے آئندہ 20 سال تک مستقل آمدن متوقع ہے، جبکہ صرف کاربن کریڈٹ سے ہر سال 2.3 ارب روپے حاصل ہوں گے۔ علاوہ ازیں، یہاں پیدا ہونے والی 5 میگاواٹ بجلی بھی فروخت کی جائے گی، جبکہ بائیو گیس سے حکومت پنجاب کو اربوں روپے کا ریونیو حاصل ہوگا۔
روڈا کے سی ای او عمران امین کے مطابق، اس منصوبے میں شجرکاری اور سولر پارک کا قیام بھی شامل ہے، جس سے اسے مزید ماحول دوست بنایا جائے گا۔