لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک: ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر کی گرفتاری کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں انہوں نے ایف آئی اے کے ایک افسر پر رشوت مانگنے کا الزام عائد کر دیا۔
اپنی انسٹاگرام آئی ڈی پر نادیہ حسین نے مبینہ آڈیو لیک کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایف آئی اے افسر نے ان کے شوہر کی گرفتاری کے حوالے سے بھاری رشوت طلب کی ہے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجبور اور بے بس خواتین سے بے دریغ رقم مانگنا قابل افسوس ہے۔ انہوں نے مذکورہ افسر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’’اب تمہاری خیر نہیں۔‘‘
نادیہ حسین نے وضاحت کی کہ ان کے شوہر صرف تفتیش کے لیے ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں اور سوال اٹھایا کہ الفلاح سیکیورٹی کی موجودگی میں اتنا بڑا فراڈ کیسے ممکن ہوا؟ انہوں نے کہا کہ وقت ہی بتائے گا کہ آیا ان کے شوہر اس معاملے میں ملوث ہیں یا نہیں۔
دوسری جانب، ایف آئی اے حکام نے نادیہ حسین کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں گزشتہ شام ہی آگاہ کر دیا گیا تھا کہ یہ ایک جعلساز کی کارستانی ہے۔ حکام کے مطابق، ایک شخص نے اپنے نمبر پر ایف آئی اے افسر کی ڈی پی لگا کر جعلی شناخت بنائی اور ناصرف نادیہ حسین بلکہ بینک اسٹاف کو بھی کالز کیں۔ حکام نے مزید بتایا کہ جعلساز کا تعلق وہاڑی سے ہے اور اس کا نمبر ٹریس کر لیا گیا ہے، تاہم نادیہ حسین کو وضاحت دینے کے باوجود انہوں نے ایف آئی اے افسر پر سنگین الزام لگا دیا۔

