کراچی / مانیٹرنگ ڈیسک: معروف سماجی رہنما رمضان چھیپا نے مرحوم قوال امجد صابری کے غسل کے دوران پیش آنے والے ایک حیرت انگیز واقعے کا انکشاف کیا ہے۔
چھیپا فاؤنڈیشن کے بانی رمضان چھیپا نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ امجد صابری کو غسل دے رہے تھے تو ایک غیر معمولی منظر دیکھ کر حیران رہ گئے۔ انہوں نے کہا، "میں جب بھی کسی میت کو غسل دیتا ہوں تو مختلف چیزوں کا مشاہدہ کرتا ہوں، لیکن امجد صابری کے غسل کے دوران اچانک پیچھے ہٹ گیا، کیونکہ میں نے محسوس کیا کہ وہ مسکرا رہے تھے۔ اس لمحے میں کانپ گیا اور فوراً ان کے اہلخانہ کو بلایا، جنہوں نے بھی یہ منظر دیکھا اور دعا میں مشغول ہوگئے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "ایسی حقیقتوں کا علم صرف خدا کو ہے، لیکن بعض اوقات ہمیں مختلف نشانیاں نظر آتی ہیں۔ بعض میتوں کے چہرے پر تکلیف کے آثار ہوتے ہیں، جب کہ کچھ خوش نصیب مسکراتے ہوئے دنیا سے رخصت ہوتے ہیں۔"
رمضان چھیپا کے اس انکشاف پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِعمل دیکھنے میں آیا۔ کچھ صارفین نے ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ذاتی اور روحانی باتوں کو میڈیا پر بیان نہیں کرنا چاہیے، جبکہ بعض نے اس واقعے کو مبالغہ آرائی قرار دیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ امجد صابری کا تعلق پاکستان کے مشہور صوفی قوال صابر برادران کے خاندان سے تھا، اور وہ "تاجدارِ حرم" اور "بھر دو جھولی" جیسی قوالیوں کے باعث عالمی شہرت رکھتے تھے۔
وہ 2016 میں رمضان المبارک کے دوران فائرنگ کا نشانہ بنے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔ وہ اپنے پانچ بچوں اور دو بیواؤں کو سوگوار چھوڑ گئے۔