پاکستانی اداکار ندیم اور ممتاز راج کپور کی فلم میں کام کےلیے بھارت جانے والے تھے

 پشاور/ مانیٹرنگ ڈیسک: ماضی کی معروف اداکارہ ممتاز نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی فلم ساز راج کپور نے اپنی فلم میں انہیں اور اداکار ندیم بیگ کو کاسٹ کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔



یہ بات ممتاز نے ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جو لیجنڈری اداکار مصطفیٰ قریشی کی جانب سے فنکاروں کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی۔ انہوں نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اس دور میں پاکستانی فلم انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی تھی۔ ممتاز کے مطابق، محدود وسائل کے باوجود ہماری فلموں کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری نہ صرف ہمیں فالو کرتی تھی بلکہ ہمارے فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کی بھی خواہش مند تھی۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ راج کپور نے اپنی ایک فلم میں انہیں اور ندیم بیگ کو کام کی پیشکش کی تھی، اور تمام معاملات طے پا چکے تھے۔ یہاں تک کہ مشہور کوریوگرافر سروج خان بھی پاکستان پہنچ چکی تھیں۔ تاہم، دونوں ممالک کے درمیان حالات کشیدہ ہونے کے باعث انہیں بھارت جانے کی اجازت نہ مل سکی اور یہ منصوبہ ادھورا رہ گیا۔