لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک: نیو انارکلی بازار میں عید کی خریداری کے لیے آئی خاتون کو ہراساں کرنے والے شخص کو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق خاتون بازار میں خریداری میں مصروف تھی کہ ملزم فیصل یعقوب نے اسے تنگ کرنا شروع کر دیا اور نازیبا حرکات کرنے لگا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی نیو انارکلی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ایس پی سٹی کیپٹن (ر) قاضی علی رضا نے پولیس کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے ایس ایچ او نیو انارکلی انسپکٹر اختر اور ان کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ عید کی خریداری کے دوران خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔
پولیس حکام نے واضح کیا کہ عوامی مقامات پر خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ بلا خوف و خطر خریداری کر سکیں۔