پشاور میں کرکٹ کی بحالی کو دھچکا، ارباب نیاز اسٹیڈیم نمائشی میچ کے لیے غیر موزوں قرار

 پشاور/ مانیٹرنگ ڈیسک: ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پشاور میں کرکٹ کے فروغ کی کوششوں کو دھچکا پہنچا ہے، کیونکہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نمائشی میچ کے لیے غیر مناسب قرار دیا گیا ہے۔



پلان کے تحت 8 اپریل کو اس اسٹیڈیم میں نمائشی میچ منعقد ہونا تھا، تاہم پی سی بی کی معائنے والی ٹیم نے دستیاب سہولیات پر خدشات کا اظہار کیا تھا۔ پی سی بی نے متعلقہ حکام سے عید کی تعطیلات سے قبل تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کا کہا تھا، مگر ذرائع کے مطابق اسٹیڈیم کی دوسری منزل تماشائیوں کے لیے مکمل تیار نہیں اور متعلقہ ادارے نے وقت پر کام مکمل کرنے سے معذوری ظاہر 


کی ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نمائشی میچ کی میزبانی کا حتمی فیصلہ آئندہ ایک یا دو روز میں کیا جائے گا، تاہم اس میچ کو پشاور سے کسی اور مقام پر منتقل کیے جانے کے امکانات واضح ہیں۔