آل راؤنڈر عماد وسیم نے پاکستانی کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے حوالے سے حیران کن انکشاف کر دیا

 اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے جدید کرکٹ کے تقاضوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی وارننگ پر ساتھی کرکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ نے سنجیدگی اختیار کرنے کے بجائے ہنسی اڑائی۔



عماد وسیم، جنہوں نے گزشتہ سال آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی، نے کہا کہ وہ مدتوں سے یہ نشاندہی کر رہے تھے کہ دنیا کی کرکٹ بدل چکی ہے، مگر پاکستان ٹیم اب بھی پرانے انداز میں کھیل رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم میٹنگز میں جب انہوں نے اس بارے میں بات کی تو ان کی بات کو مزاح کے طور پر لیا گیا۔


عماد وسیم نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان ٹیم نے اپنا اندازِ کھیل اور حکمتِ عملی تبدیل نہ کی تو شائقین کی دلچسپی ختم ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کو اس کے تقاضوں کے مطابق کھیلنا ضروری ہے، لیکن پاکستان ٹیم کی حالیہ کارکردگی دیکھ کر انہیں مایوسی ہوئی۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کا مائنڈسیٹ جارحانہ ہوتا ہے، جبکہ ہماری ٹیم 250 رنز بنا کر مطمئن ہو جاتی ہے، جو کہ درست حکمت عملی نہیں۔ عماد وسیم کے مطابق، اگر ٹیم نے اپنی سوچ تبدیل نہ کی تو ہم دنیا سے مزید پیچھے رہ جائیں گے۔