ویرات کوہلی نے اپنے کیریئر کے سب سے مشکل باؤلر کا نام بتا دیا

 , ممبئی/ مانیٹرنگ ڈیسک: بھارت کے معروف بلے باز ویرات کوہلی کو دنیائے کرکٹ کے عظیم ترین بیٹرز میں شمار کیا جاتا ہے، اور تینوں فارمیٹس میں ان کے شاندار ریکارڈز ان کی مہارت کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے اپنی شاندار بیٹنگ کے ذریعے بھارت کو بے شمار میچز میں فتوحات دلائیں اور دنیا بھر کے بولرز کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہوئے۔

حال ہی میں، ایک انٹرویو کے دوران کوہلی سے پوچھا گیا کہ ان کے کیریئر میں کون سا بولر سب سے زیادہ مشکل ثابت ہوا؟ توقع کے برعکس، انہوں نے نہ تو پاکستان کے محمد عامر اور شاہین آفریدی، نہ ہی انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز یا جنوبی افریقہ کے کسی بولر کا نام لیا، بلکہ ایک بھارتی بولر کو سب سے سخت حریف قرار دیا۔



آئی پی ایل کی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں ویرات کوہلی سے سوال کیا گیا کہ انہیں سب سے مشکل بولر کون لگا؟ اس پر کوہلی نے فوراً بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کا نام لیا۔

ویرات کوہلی، جو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کرتے ہیں، نے بمراہ کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بلاشبہ تینوں فارمیٹس میں دنیا کے بہترین بولرز میں شامل ہیں۔ کوہلی کے مطابق، بمراہ نے انہیں آئی پی ایل میں کئی بار آؤٹ کیا ہے، یہاں تک کہ نیٹ پریکٹس کے دوران بھی ان کی بولنگ کا سامنا کرنا کسی میچ سے کم نہیں ہوتا۔

کوہلی نے مزید کہا، "بمراہ کے خلاف ہر گیند کھیلنا ایک چیلنج ہوتا ہے۔ وہ نہ صرف غیر معمولی مہارت کے مالک ہیں بلکہ ان کے خلاف کھیلنا ایک سخت لیکن دلچسپ تجربہ ہوتا ہے۔"

یہ بھی قابل ذکر ہے کہ جسپریت بمراہ آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرتے ہیں، اور اپنے ڈیبیو میچ میں ہی انہوں نے پہلی وکٹ ویرات کوہلی کی حاصل کی تھی۔