آخر سستی بجلی کا خواب پورا ہونے والا ہے ، بڑی خوشخبری

 اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو بجلی کی قیمتوں میں کمی پر قائل کر لیا ہے۔



ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ایک ارب ڈالر کی قسط کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں، جن میں توانائی کے شعبے کے حکام نے آج اور کل آئی ایم ایف وفد سے ملاقاتیں کیں۔

مذاکرات کے دوران پاکستانی حکام نے بجلی کے نرخ میں 2 روپے فی یونٹ کمی پر آئی ایم ایف کی رضامندی حاصل کر لی ہے۔ اسی طرح، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ڈیڑھ سے 2 روپے تک کمی کے معاملے پر طویل بات چیت ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کا اطلاق ممکنہ طور پر اپریل سے ہوگا، تاہم اس سے قبل حکومت کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری سے متعلق ایک جامع منصوبہ آئی ایم ایف کو پیش کرنا ہوگا۔

مزید برآں، آئی ایم ایف نے موجودہ نجکاری منصوبے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات پر تشویش ظاہر کی ہے اور ان کی کارکردگی میں بہتری کو لازمی قرار دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے تین بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا منصوبہ آئی ایم ایف کے سامنے رکھا ہے، جس کے تحت پہلے مرحلے میں آئیسکو، فیسکو اور گیپکو کو نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں میپکو، لیسکو اور حیسکو کی نجکاری کی جائے گی۔