محکمہ موسمیات کی ایک بار پھر بیشتر علاقوں میں بارش، پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

 اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشرقی پنجاب، خطۂ پوٹھوہار اور اسلام آباد کے بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔



اس دوران کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا کے کچھ علاقوں میں درمیانی سے تیز بارش کا امکان ہے، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع، جن میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، نوشہرہ، صوابی، مردان، بونیر، پشاور، کوہاٹ، کرک، بنوں، باجوڑ، مہمند، کرم، خیبر اور وزیرستان شامل ہیں، وہاں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، تاہم راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، اس کے علاوہ چاغی، کوئٹہ، ژوب، قلعہ سیف اللہ، زیارت اور گردونواح میں ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق گوپس میں منفی 6، بگروٹ میں منفی 2 اور پاڑاچنار میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔