کوئٹہ سے پشاور آنے والی ٹرین جعفر ایکسپریس پر گولیاں چلا دی گئیں

 کوئٹہ: بولان کے علاقے میں مسافر ٹرین جعفر ایکسپریس پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔لیویز حکام کے مطابق یہ واقعہ بلوچستان کے ضلع کچھی (بولان) کے علاقے پیروکنری میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور زخمی ہوگیا جبکہ ٹرین اس وقت ایک سرنگ میں رکی ہوئی ہے۔



ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو پہلے ریل کی پٹڑی پر دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد ٹرین پر فائرنگ کی گئی۔ اس دوران ٹرین میں موجود سیکیورٹی اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے تصدیق کی ہے کہ جعفر ایکسپریس پر شدید فائرنگ کی گئی، جس میں دہشت گرد ملوث ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر ایمبولینسز جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دی گئی ہیں اور سبی کے اسپتال میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس میں کل 9 بوگیاں ہیں اور اس میں 400 سے زائد مسافر سوار تھے۔ یہ ٹرین آج صبح 9 بجے کوئٹہ سے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوئی تھی۔