یووراج سنگھ نے محمد رضوان کا مذاق اڑانے پر بریڈ ہوگ کو کھری کھری سنا دیں

 ممبئی/ مانیٹرنگ ڈیسک – آسٹریلیا کے سابق کرکٹر بریڈ ہوگ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کی انگریزی پر طنز کیا، جس پر بھارت کے معروف سابق کرکٹر یووراج سنگھ نے سخت ردعمل دیا۔



یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب بریڈ ہوگ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں وہ محمد رضوان کی انگریزی کا مذاق اڑاتے ہوئے یہ کہتے نظر آئے کہ ان کی بات چیت کو سمجھنا مشکل ہوتا ہے۔ اس نامناسب تبصرے پر یووراج سنگھ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے بریڈ ہوگ کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا، "اگر رضوان کی انگریزی کمزور ہے تو کیا آپ کو ہندی آتی ہے؟ ایک کرکٹر، خاص طور پر ٹیم کے کپتان، کا مذاق اڑانا نامناسب ہے۔ رضوان ایک بااخلاق کھلاڑی ہیں، اور کسی زبان پر عبور نہ ہونا کوئی کمی نہیں۔"

پاکستانی آل راؤنڈر عامر جمال نے بھی یووراج سنگھ کے مؤقف کی تائید کی اور کہا کہ کرکٹ میں کسی کھلاڑی کی صلاحیت اور کارکردگی دیکھی جاتی ہے، نہ کہ اس کی زبان دانی۔ ان کے مطابق، اگر انگلش پر عبور کامیابی کی واحد شرط ہوتی تو بہت سے عظیم کھلاڑی کرکٹ کی تاریخ میں کبھی نہ ابھرتے۔