محمد یوسف دورہ نیوزی لینڈ سے دستبردار

 لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک:پاکستانی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے دورۂ نیوزی لینڈ سے معذرت کر لی۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق، محمد یوسف نے اپنی بیٹی کی ناسازیٔ طبع کے باعث اس دورے میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ انہیں حال ہی میں قومی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔

محمد یوسف نے اپنے فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مطلع کر دیا ہے۔ بورڈ ذرائع کے مطابق، ان کے متبادل کے طور پر کسی اور کوچ کی تقرری نہیں کی جائے گی۔

یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم 12 مارچ کی صبح نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوگی، جہاں اسے پانچ ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں۔