جڈیجا کی ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بڑی خبر

دوبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔



اتوار کے روز بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جس کے نتیجے میں ان کی ٹیم نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔

جواب میں بھارتی ٹیم نے 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا، جبکہ جڈیجا نے فیصلہ کن رنز اسکور کرکے بھارت کو فتح دلائی۔ اس کامیابی کے بعد ان کے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، تاہم جڈیجا نے فوری طور پر ان افواہوں کو مسترد کر دیا۔

انہوں نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان بے بنیاد خبروں کو روکنے کے لیے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی، جس میں صاف الفاظ میں لکھا: "براہ کرم غیر ضروری افواہیں نہ پھیلائیں، شکریہ۔"