بھارت میں زبردستی کی شادی کے دو ہفتے بعد خاتون نے شوہر کو قتل کروا دیا

 لکھنؤ/ مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع اورایا میں ایک 22 سالہ خاتون نے اپنے شوہر کو شادی کے صرف دو ہفتے بعد قتل کروا دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پرگتی یادو اور انوراگ یادو چار سال سے ایک دوسرے کے قریب تھے، لیکن ان کے خاندان نے اس رشتے کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ اسی وجہ سے، پرگتی کی شادی 5 مارچ کو دلیپ نامی شخص سے زبردستی کروا دی گئی۔



پولیس کے مطابق، 19 مارچ کو دلیپ کو کھیتوں میں شدید زخمی حالت میں پایا گیا، جہاں اس کے جسم پر گولیوں کے کئی زخم موجود تھے۔ اسپتال منتقل کیے جانے کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکا۔ مقتول کے بھائی کی شکایت پر درج کی گئی ایف آئی آر کے بعد تحقیقات میں معلوم ہوا کہ پرگتی نے شادی کے بعد اپنے دوست سے ملاقات نہ ہونے پر شوہر کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔ اس مقصد کے لیے، اس نے راماجی چوہدری نامی کرائے کے قاتل کو دو لاکھ روپے کی رقم دی۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کر کے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر بائیک بھی برآمد کر لی۔