بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں واقع ایک مسجد میں دھماکہ ، صورتحال کشیدہ

 ممبئ / مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر بیڑ کے ایک گاؤں میں واقع مسجد میں دھماکا ہوا، جس سے مسجد کو نقصان پہنچا۔



بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ واقعہ گزشتہ رات تقریباً 3 بجے پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں مسجد کے فرش اور دیواروں کو نقصان پہنچا۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کی مدد سے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا جیلیٹن اسٹکس کے ذریعے کیا گیا، جو عام طور پر تعمیرات اور کان کنی میں استعمال ہوتی ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق، ہفتے کی شام گاؤں میں ایک جلوس نکالا گیا، جس میں مختلف برادریوں کے افراد نے شرکت کی۔ رات تقریباً 9:30 بجے دو افراد وہاں پہنچے اور مسجد کی تعمیر پر اعتراضات اٹھانے لگے، ساتھ ہی فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش بھی کی، تاہم حالات قابو میں آگئے۔

ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات پولیس کو اطلاع ملی کہ ان ہی دو مشتبہ افراد نے مسجد میں جیلیٹن اسٹکس رکھ دی ہیں۔ بعد ازاں گاؤں کے سرپنچ نے پولیس کو اطلاع دی کہ مسجد میں دھماکا ہوچکا ہے۔ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کیا، بیانات قلمبند کیے اور مقدمہ درج کرنے کے بعد دونوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، دھماکے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے، جس کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔