ڈیوڈ وارنر نے بھارتی فلم میں کام کرنے کا کتنا معاوضہ وصول کیا تھا

 حیدر آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: تازہ ریلیز ہونے والی تیلگو کامیڈی فلم "رابن ہڈ" شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کر رہی ہے، جس میں آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے اپنے اداکاری کیریئر کا آغاز کیا ہے۔



اس فلم میں مرکزی کردار نیتین اور سریلیلا نے نبھائے ہیں، لیکن ڈیوڈ وارنر کی خصوصی شرکت بھی اسے خبروں میں رکھے ہوئے ہے۔ اب ایک تازہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ وارنر نے اس فلم میں اپنی مختصر اداکاری کے بدلے کتنی رقم وصول کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، کرکٹ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والے ڈیوڈ وارنر کو اس مختصر کردار کے لیے خطیر معاوضہ دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وارنر کو اس فلم میں کام کرنے کے بدلے 3 کروڑ روپے ادا کیے گئے۔

مزید یہ بھی سامنے آیا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹر نے 2024 میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے آخری سیزن کے دوران فلم کی شوٹنگ مکمل کی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ "رابن ہڈ" 2024 میں کچھ نامعلوم وجوہات کے باعث ریلیز نہ ہو سکی تھی، تاہم بالآخر 28 مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنی۔