سری لنکا کے سابق کرکٹ کپتان سنتھ جے سوریا کی رمضان میں دوستانہ روایت

 کولمبو/ مانیٹرنگ ڈیسک: سری لنکا کے معروف کرکٹر اور سابق کپتان سنتھ جے سوریا نے رمضان المبارک کے موقع پر اپنے مسلمان دوستوں کے ساتھ روزہ رکھا اور سوشل میڈیا پر افطار کی ایک یادگار تصویر شیئر کی۔ جے سوریا، جو بدھ مت کے پیروکار ہیں، نے بتایا کہ وہ اپنے اسکول کے زمانے سے ہر رمضان میں کم از کم ایک روزہ رکھتے ہیں اور یہ روایت وہ برسوں سے نبھا رہے ہیں۔پ



ایکس پر جاری کی گئی پوسٹ میں جے سوریا نے لکھا، "آج میں نے اپنے مسلمان دوستوں کے ساتھ روزہ رکھا—یہ ایک روایت ہے جو میں نے اسکول کے زمانے سے رمضان میں اپنائی ہوئی ہے۔" ان کے اس خوبصورت جذبے کو دنیا بھر سے مداحوں نے سراہا۔ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا، "بہت خوب، سنتھ! یہ قابل تحسین ہے کہ آپ نے اس روایت کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ رمضان غور و فکر اور اتحاد کا وقت ہے، اور میں بھی ایک سنہالی ہوتے ہوئے ایک مسلمان گاؤں میں پروان چڑھا، اس لیے مجھے وہ دن بخوبی یاد ہیں۔" جے سوریا کا یہ عمل مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام کی شاندار مثال ہے، جس سے ان کے مداحوں کے دلوں میں ان کے لیے مزید عزت و محبت بڑھ گئی ہے۔