بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے پہلے ون ڈے میں شکست کا ذمہ دار کس کو ٹھہرا دیا

 نیپر/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں ٹیم کی شکست کا ذمہ دار بولرز کو قرار دیا۔نیوزی لینڈ میں پریس کانفرنس کے دوران محمد یوسف نے کہا کہ اوپنرز نے بہترین اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا، جبکہ مڈل آرڈر میں بابر اعظم اور سلمان آغا نے میچ کو مستحکم کر دیا تھا۔ تاہم، 40ویں اوور میں مسلسل دو وکٹیں گرنے سے دباؤ بڑھ گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صبح کے وقت پچ بولنگ کے لیے سازگار تھی، مارک چیپ مین اور ڈیرل مچل نے شاندار بیٹنگ کی، جبکہ محمد عباس کے اچھے اسکور نے نیوزی لینڈ کے لیے ہدف آسان بنا دیا۔




ایک صحافی کے سوال پر انہوں نے بغیر نام لیے سلمان آغا اور عرفان نیازی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں پارٹ ٹائم بولرز مہنگے ثابت ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی بولرز نے 43 اضافی رنز دیے، جس پر قابو پانے کی ضرورت ہے، اور کوچنگ اسٹاف اس پہلو کا جائزہ لے گا کہ اتنے زیادہ رنز کیوں دیے گئے۔

محمد یوسف کا مزید کہنا تھا کہ دوسرے ون ڈے سے قبل ٹیم انتظامیہ فیصلہ کرے گی کہ پانچواں بولر شامل کرنا ہے یا نہیں، اور آیا کسی آل راؤنڈر کو موقع دینا چاہیے یا مکمل اسپیشلسٹ بولر کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنانا چاہیے۔ بیٹنگ کوچ نے ٹیم سلیکشن پر براہ راست تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اس معاملے پر بات کرنا مناسب نہیں، کیونکہ اگر میچ کا نتیجہ مختلف ہوتا تو سلیکشن کا فیصلہ بھی درست سمجھا جاتا۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے بعد نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں بھی پاکستان کو 73 رنز سے شکست دے دی۔ 345 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 45ویں اوور میں 271 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ بابر اعظم 78 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ سلمان آغا نے 58 رنز بنائے۔ تین کھلاڑی صرف ایک ایک رن بنا سکے، جبکہ دو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے نیتھن اسمتھ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں۔