کراچی / مانیٹرنگ ڈیسک: کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے کے قریب جنجال گوٹھ افغان بستی میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں گھر کی چھت گرنے سے 6 کمسن بچے جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد کو قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی اموات کی تصدیق کردی گئی۔ اہلخانہ نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ حادثے کے فوراً بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی، جس کے مطابق گھر کی چھت لینٹر کی بنی ہوئی تھی اور مضبوطی کے کام کے دوران اضافی وزن برداشت نہ کرسکی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں 10 افراد ملبے تلے دب گئے، جن میں سے 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والے بچوں میں 15 سالہ سعدیہ، 9 سالہ سانودیہ، 8 سالہ ایشال، 8 سالہ کائنات، 7 سالہ نصرین اور 3 سالہ عائشہ شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 37 سالہ ناصرہ، 40 سالہ میکائل، 3 سالہ نعمان اور 7 سالہ آصف شامل ہیں۔ متاثرہ خاندان کا تعلق بنوں سے بتایا جاتا ہے۔