لڑکی کو ہراساں کرنے سے منع کرنے پر امیر زادے کی سکیورٹی گارڈ پر فائرنگ

 لاہور (ویب ڈیسک) – جوہر ٹاؤن میں ایک کیفے میں لڑکی کو ہراساں کرنے سے منع کرنے پر امیر زادے نے فائرنگ کر کے سیکیورٹی گارڈ کو زخمی کر دیا۔ ملزمان کالے رنگ کی ویگو ڈالے میں آئے تھے، جس پر جعلی نمبر پلیٹ نصب تھی۔ بعد میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔



مقامی ذرائع کے مطابق، واقعہ اس وقت پیش آیا جب کیفے کے عملے نے ملزم کو ایک لڑکی کو ہراساں کرنے سے روکا۔ اس دوران ملزم نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کیفے کا سیکیورٹی گارڈ زخمی ہو گیا، جبکہ حملہ آور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو گولیاں چلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کے مطابق، دونوں حملہ آور کالے رنگ کی ویگو ڈالے میں آئے، جس پر جعلی نمبر پلیٹ اور کالے شیشے لگے ہوئے تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔

بعدازاں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا، جس کے بعد خصوصی ٹیم نے ایک ملزم، علی حسن، کو گرفتار کر لیا۔ شریک ملزم فیاض کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔