پہاڑوں میں کھربوں کے خزانے موجود ہیں ، شدت پسند انھیں حاصل کرنے سے روکنا چاہتے ہیں ، وزیراعظم

 اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے، اور ملک کے پہاڑوں میں کھربوں ڈالر مالیت کے معدنی خزانے چھپے ہوئے ہیں، لیکن دہشت گرد ان وسائل کے استعمال میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔



اسلام آباد میں منعقدہ تقریب رب ذوالجلال کا احسان پاکستان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کا ایک عظیم تحفہ ہے، جو ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں حاصل ہوا۔ ان کے مطابق، پاکستان کا قیام کسی معجزے سے کم نہیں۔ انہوں نے پوری قوم پر زور دیا کہ وہ اتحاد کا مظاہرہ کرے، کیونکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلح افواج بے شمار قربانیاں دے رہی ہیں۔ اگر ملک میں تفرقہ اور مذہبی منافرت پھیلائی گئی تو یہ شہداء کی قربانیوں سے بے وفائی ہوگی اور آنے والی نسلیں اس غفلت کو معاف نہیں کریں گی۔


وزیراعظم نے کہا کہ ملکی مفاد کو ذاتی مفادات پر ترجیح دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرت نے پاکستان کو بیش بہا معدنی وسائل عطا کیے ہیں، لیکن دشمن عناصر نہیں چاہتے کہ ملک ان قدرتی خزانوں سے فائدہ اٹھائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کو کہاں سے مالی معاونت مل رہی ہے، اس کا بخوبی علم ہے، اور دہشت گردی کے پس پردہ عوامل وسیع پیمانے پر جڑے ہوئے ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کے دفاع کے لیے بڑی قربانیاں دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق، قومی اتحاد اور یکجہتی ہی ترقی کا واحد راستہ ہے، اور جب قوم متحد ہوگی، تو پاکستان عالمی سطح پر اپنا مقام حاصل کر سکے گا۔