آئی سی سی نے بابر اعظم کو ایک اور بری خبر سنا دی

 دبئی/ مانیٹرنگ ڈیسک: آئی سی سی نے تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی۔ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی فہرست میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستانی بیٹر بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر آ گئے، جبکہ محمد رضوان نویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔



نیوزی لینڈ کے ٹم سیفرٹ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 20 درجے ترقی حاصل کر کے 13ویں نمبر پر جگہ بنائی، جبکہ ان کے ہم وطن فن ایلن آٹھ درجے بہتری کے بعد 18ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

دوسری طرف، ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین سرفہرست ہیں، جبکہ کسی پاکستانی بولر کو ٹاپ 20 میں جگہ نہیں مل سکی۔ حارث رؤف چار درجے ترقی کے بعد 26ویں نمبر پر آئے، جبکہ شاہین آفریدی چھ درجے تنزلی کے بعد 30ویں نمبر پر چلے گئے۔

آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھارت کے ہاردک پانڈیا اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔