لاہور/ مانیٹرنگ: لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے دسویں سیزن کے موقع پر محکمہ تعلیم پنجاب نے اسکولوں کے نئے اوقات کار کا اعلان کیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تبدیلی قذافی اسٹیڈیم اور اس کے اطراف کے علاقوں میں واقع تعلیمی اداروں پر لاگو ہوگی۔ متاثرہ علاقوں میں گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، اچھرہ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، شادمان، کینال روڈ، اپر مال اور ظہور الٰہی روڈ شامل ہیں۔ ان علاقوں کے اسکول اب صبح 7 بجے سے دوپہر 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل کے میچز 28 مارچ سے 21 اپریل تک جاری رہیں گے، جبکہ لاہور میں یہ مقابلے 24 اپریل سے 18 مئی کے دوران مختلف تاریخوں میں ہوں گے۔ تمام میچز ڈے نائٹ ہوں گے اور شام 7 بجے شروع ہوں گے۔ علاوہ ازیں، لاہور میں آج سے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے پریکٹس میچز کا آغاز بھی ہو رہا ہے، جن کا آخری میچ 19 اپریل کو کھیلا جائے گا۔