کاگیسو رباڈا اچانک آئی پی ایل چھوڑ کر واپس جنوبی افریقہ روانہ

احمد آباد / مانیٹرنگ ڈیسک: جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر کاگیسو رباڈا ذاتی وجوہات کی بنا پر اچانک انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) چھوڑ کر اپنے وطن واپس روانہ ہو گئے۔



کاگیسو رباڈا، جو آئی پی ایل 2025 میں گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی کر رہے تھے، صرف دو میچز کھیلنے کے بعد ٹیم کو خیرباد کہہ کر جنوبی افریقا چلے گئے۔ گجرات ٹائٹنز نے انہیں اس سیزن کی میگا نیلامی میں 10 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔ فرنچائز نے جمعرات کے روز ایک باضابطہ بیان میں ان کی واپسی کی تصدیق کی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق گجرات ٹائٹنز نے بیان میں کہا کہ رباڈا ذاتی نوعیت کے ایک اہم مسئلے کی وجہ سے جنوبی افریقا واپس چلے گئے ہیں۔ وہ ٹیم کے ابتدائی دونوں میچز کا حصہ تھے، تاہم اب اپنی ذاتی مصروفیات کے باعث مزید مقابلوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ فرنچائز نے ان کی واپسی کی تفصیلات یا ممکنہ دوبارہ شمولیت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی۔

رباڈا نے آئی پی ایل 2025 کا اپنا پہلا میچ پنجاب کنگز کے خلاف کھیلا، جہاں انہوں نے چار اوورز میں 41 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسرے میچ میں وہ ممبئی انڈینز کے خلاف میدان میں اترے اور 42 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ یاد رہے کہ رباڈا نے 2017 میں آئی پی ایل میں ڈیبیو کیا تھا اور وہ دہلی کیپیٹلز اور پنجاب کنگز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔ اب تک وہ 82 میچز میں 119 وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں۔