بجلی صارفین کو بجلی فی یونٹ کتنی کی پڑنے والی ہے

 اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کو بڑا ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی کی قیمت 14 روپے 67 پیسے سے گھٹا کر 8 روپے 52 پیسے مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ 101 سے 200 یونٹس استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے نرخ 17 روپے 65 پیسے سے کم کر کے 11 روپے 51 پیسے فی یونٹ کر دیے گئے ہیں۔



نان پروٹیکٹڈ صارفین جو ماہانہ 300 یونٹس تک بجلی استعمال کرتے ہیں، ان کے لیے فی یونٹ نرخ 7 روپے 24 پیسے کم ہوکر 41 روپے 26 پیسے سے 34 روپے 3 پیسے ہو گئے ہیں۔ اسی طرح 300 یونٹس سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کے نرخ 55 روپے 70 پیسے سے کم ہوکر 48 روپے 46 پیسے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔

لائف لائن صارفین کے لیے 50 یونٹس تک فی یونٹ قیمت 4 روپے 78 پیسے برقرار رکھی گئی ہے، جب کہ 51 سے 100 یونٹس والے لائف لائن صارفین کے لیے بھی موجودہ نرخ 9 روپے 37 پیسے فی یونٹ پر ہی برقرار ہیں۔