روس نے یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی کے آبائی شہر پر حملہ کیا، کم از کم 19 افراد ہلاک

ماسکو / مانیٹرنگ ڈیسک: یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روس نے جمعے کے روز صدر ولودومیر زیلنسکی کے آبائی شہر کریوی ریہ (Kryvyi Rih) پر میزائل داغا، جس کے نتیجے میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں 9 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔



صدر زیلنسکی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں بچوں کے کھیلنے کی جگہیں اور رہائشی گلیاں نشانہ بنائی گئیں، جو کسی صورت حادثاتی نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس بخوبی جانتا ہے کہ وہ کہاں حملہ کر رہا ہے، اور یہ وہ مقامات ہیں جنہیں کسی بھی صورت نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔

ادھر روسی وزارتِ دفاع نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ یوکرینی فوجی افسران اور مغربی انسٹرکٹرز کے درمیان ہونے والی ایک اہم میٹنگ کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق میزائل نے شہر کے ایک ریسٹورنٹ میں موجود یونٹ کمانڈرز اور مغربی نمائندوں کے اجلاس کو ہدف بنایا، اور یہ ایک "انتہائی درست کارروائی" تھی۔