نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں امام الحق زخمی، میدان چھوڑنا پڑا

ماؤنٹ  مونگا نوئی / مانیٹرنگ ڈیسک: ماؤنٹ مونگانوئی میں جاری تیسرے اور آخری ون ڈے میچ کے دوران قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق ایک ناخوشگوار واقعے کا شکار ہو گئے۔ بیٹنگ کے دوران رن لینے کی کوشش میں ایک فیلڈر کی تھرو کی گئی گیند ان کے ہیلمٹ کی گرِل سے ٹکرا کر چہرے پر جا لگی، جس کے باعث وہ زخمی ہو کر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔



ٹیم مینجمنٹ کے مطابق گیند امام کے جبڑے پر لگی، اور وہ کن کشن ٹیسٹ میں ناکام رہے جس کی وجہ سے انہیں میدان سے باہر لے جایا گیا۔ ان کی جگہ عثمان خان کو بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا ہے۔ طبی عملہ گراؤنڈ میں موجود ایمرجنسی سینٹر میں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کر رہا ہے، اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو انہیں اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 42 اوورز میں 265 رنز کا ہدف دیا ہے۔ کیویز پہلے ہی تین میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر چکے ہیں۔ اس سے قبل دوسرے میچ میں حارث رؤف بھی بیٹنگ کے دوران گیند لگنے سے متاثر ہوئے تھے اور کن کشن کے باعث میدان سے باہر چلے گئے تھے، ان کی جگہ نسیم شاہ نے بیٹنگ کی تھی۔