کوئٹہ: سریاب میں پولیس موبائل پر حملہ، سب انسپکٹر سمیت 3 اہلکار شہید، 1 زخمی

کوئٹہ / مانیٹرنگ ڈیسک: کوئٹہ کے علاقے سریاب میں مستونگ روڈ پر شیخ زید اسپتال کے قریب نامعلوم حملہ آوروں نے پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر عبدالولی تنولی سمیت دو اہلکار شہید جبکہ گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔



ڈان نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ مسلح دہشت گردوں نے کیا، جنہوں نے ایک ہوٹل کے قریب کھڑی پولیس موبائل کو نشانہ بنایا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور تقریباً دو منٹ تک جائے واردات پر موجود رہے اور فائرنگ کے بعد باآسانی فرار ہو گئے۔ ایک دہشت گرد نے کالعدم علیحدگی پسند تنظیم کا جھنڈا بھی اپنے جسم پر لپیٹ رکھا تھا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے مجرموں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا۔